نئی دہلی:ہندوستان نے دہلی میں افریقی ملک کانگو کے ایک طالب علم مسندا کتادا اولیور کی موت کے معاملے میں افریقی مشن کے سربراہان کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں تمام افریقی طلباء کی حفاظت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔
افریقی ممالک کے مشن سربراہان نے وزارت خارجہ کے سکریٹری امر سنہا سے کل اس مسئلے پر ملاقات کر کے اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ سے اس معاملے میں فوری طور پر کارروائی کرنے اور اس معاملے کو فاسٹ ٹریک عدالت میں چلانے کی ہدایت دی ہیں۔
مسٹر جنگ نے انہیں مناسب کارروائی کرنے کا یقین بھی دلایا ہے ۔محترمہ سوراج نے کہا کہ وہ افریقی طالب علموں کو اس بات کی یقین دہانی کراتی ہیں کہ مقامی مجرموں کی اس حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ آج افریقی ممالک کے مشن سربراہان سے ملاقات کریں گے ۔وزارت خارجہ نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ افریقی طالب علم اولیور کا قتل بہت افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔
کل مسٹر سنہا نے افریقی مشن کے سربراہان کے ایک گروپ سے ملاقات میں یہ بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے فورا بعد وزارت خارجہ دہلی پولیس کے رابطے میں ہے ۔ دہلی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرکے دو مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا ہے اور ایک مشتبہ اب بھی فرار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں انصاف کو یقینی بنائیں گے اور حملے میں شامل لوگوں کو سخت سزا دلائیں گے ۔ ہم اس معاملے میں تمام ریاستی حکومتوں کو خط لکھیں گے کہ افریقی طالب علموں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔