گیا:بہار میں ضلع گیا کے ڈمریا تھانہ علاقے میں آج لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے رہنما کی لاش کے ساتھ مظاہرہ کررہے مشتعل لوگوں نے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کے قافلے پر پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیوں میں آج لگادی ۔پولس کے ذرائع نے یہاں بتایا کہ کچار گاؤں میں ایل جے پی کے رہنما سدیش پاسوان اور ان کے چچا زاد بھائی سنی پاسوان کے قتل کے بعد کل مسٹر مانجھی ان کے لواحقین کے ساتھ اظہاری تعزیت کے لئے جارہے تھے ۔اسی دوران مقتولوں کی لاشوں کے ساتھ مظاہرہ کررہے مشتعل لوگوں نے سابق وزیراعلی کے قافلے پر پتھراؤ کر دیا۔اس واقعہ میں مسٹر مانجھی کی گاڑی تباہ ہوگئی۔لیکن پولس نے انہیں فوراً گھیرے میں لے کر صحیح سلامت نکال لیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد مشتعل بھیڑ نے پولس اہلکاروں اور پولس کی گاڑی پر پتھراؤ کردیا۔اس دوران لوگوں نے تین موٹر سائکلوں اور ایک گاڑی میں آگ لگادی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس اور انتظامیہ کے سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔اسی درمیان سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ گریما ملک نے بتایا کہ حالات قابو میں ہیں۔