نئی دہلی:قومی راجدھانی دہلی میں افریقی شہریوں پر گزشتہ دنوں ہوئے حملوں کے خلاف افریقی طلبا نے آج جنتر منتر پر احتجاج کیا اور حکومت سے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں تختیاں اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے تحریرتھے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی زبان میں گیت گا کر اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر رقص کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
افریقی نژاد شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے سفارتی سطح پر اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی افریقی لو گو ں کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی حفاظت کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ حکومت نے قصورواروں کے خلاف مناسب کاروائی کرنے کی بات بھی کہی ہے ۔ راجدھانی میں مقیم افریقی نژاد لوگوں کا یہ غصہ اس واقعہ کے بعد پھوٹا ہے جس میں وسنت کنج علاقے میں کانگو کے شہری ایک طالب علم اولیور کو کچھ نوجوانوں نے پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد 26 مئی کو مہرولی میں مختلف مقامات پر چھ افریقی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ اور پولیس کمشنر آلوک ورما کو ان واقعات کی تحقیقات کر کے قصورواروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کو کہا ہے ۔ اس سلسلے میں پانچ افراد کو کل گرفتار کر لیا گیا۔