نئی دہلی:کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی نے وردھا میں فوج کے اسلحہ ڈیپو میں آگ لگنے سے فوجیوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔
محترمہ گاندھی نے یہاں جاری ایک بیان میں اس حادثے میں ہلاک جوانوں کے لواحقین کے تئیں اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ زخمیوں کا بہتر علاج اور آگ سے ہوئے نقصان کوکم کرنے کے لئے وقت پر ضروری اقدامات کئے گئے ہوں گے ۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا کہ میں اس حادثے میں جوانوں کے مارے جانے کی خبر سے غم زدہ ہوں اور متاثرین کے گھر والوں کے تئیں اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔مجھے امید ہے کہ حادثے میں زخمی لوگوں کو فوراً ضروری طبی سہولیات فراہم کرائی جائیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں وردھا ضلع کے پل گاؤں میں واقع فوج کے ایک اسلحہ ڈیپو میں کل رات تقریباً دوبجے آگ لگنے سے دو افسروں اور دفاعی سکیورٹی کور کے 15جوانوں کی موت ہوگئی اورچند افسر اور جوان شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔