پٹنہ: بہار کی جیلوں سے ہو رہے مجرمانہ واقعات کے پیش نظر آج جہان آباد، بہارشریف اور اورنگ آباد کی جیلوں میں چھاپہ مارے گئے ۔جہان آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جہان آباد ڈویزنل جیل میں ضلع مجسٹریٹ منوج کمار سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ آدتیہ کمار کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے چھاپہ ماری کی. جیل کے مختلف وارڈوں کی تلاشی لی گئی جس میں دو موبائل فون، دو سم کارڈ کے علاوہ سگریٹ برآمد ہوئی۔اسی طرح بہارشریف ڈویزنل جیل میں ضلع مجسٹریٹ تیاگ راجن اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کمار آشیش کی قیادت میں چھاپہ ماری کی گئی. چھاپہ ماری میں پولیس نے ایک موبائل چارجر برآمد کیا ہے . اس دوران آبروریزی کے معاملے میں جیل میں بند راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکن اسمبلی راج ولبھ یادو کے وارڈ کی بھی تلاشی لی گئی. تاہم ان کے وارڈ سے کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔وہیں اورنگ آباد ڈویزنل جیل میں ضلع مجسٹریٹ کول تنوج اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بابو رام کی قیادت میں کی گئی چھاپہ ماری میں مختلف وارڈوں کی تلاشی لی گئی. اس دوران ایک موبائل فون اور تین چارجر برآمد کئے گئے ۔