لاس اینجلس: عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی 74 برس کی عمر میں جان کی بازی ہارگئے۔
محمد علی سانس کی تکلیف کی وجہ سے گزشتہ چند روز سے امریکی شہر فینکس کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق محمد علی کے اہلخانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کی۔
محمد علی گزشتہ تین دہائیوں سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے صاحب فراش تھے۔
17 جنوری 1942 کو پیدا ہونے والے محمد علی کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر (Cassius Marcellus Clay, Jr) تھا، انھوں نے 1964 میں اسلام قبول کیا، جس کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔
محمد علی کو پہلی انٹرنیشنل فتح 1960 میں ملی،جب انھوں نے روم اولمپک میں سونے کا تمغا جیتا۔ وہ 1964، 1974 اور 1978 میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن رہے۔
ویت نام جنگ کے دوران 28 اپریل 1967 کو محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انھیں ان کے اعزاز سے محروم کرکے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، بعد ازاں سپریم کورٹ نے عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد علی کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔
20 صدی کے عظیم باکسر محمد علی نے 1984 میں پارکنسنز کی تشخیص کے بعد باکسنگ چھوڑدی تھی۔
محمد علی کی نماز جنازہ امریکی ریاست کینٹکی میں ان کے آبائی علاقے لوئس ولی میں ادا کی جائے گی۔
عظیم باکسر کی وفات پر کینٹکی میں سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں کردیئے گئے ہیں۔