اودے پور : مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان کی معیشت دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے سب سے تیز رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے ۔مسٹر سنگھ آج اودے پور میں ساڑے 23 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے مہارانا پرتاپ انڈور اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہونے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ امریکہ کی معیشت دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے لیکن سب سے زیادہ تیزی سے اگر کسی ملک کی معیشت آگے بڑھ رہی ہے تو وہ ملک ہندوستان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی شہرت بین الاقوامی دنیا میں بڑھتی جارہی ہے اور عالمی منظر میں اگر کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو ہندوستان کو علیحدہ رکھ کر نہیں بلکہ ہندوستان کو مرکز میں رکھ کر کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے جوانوں سے مہارانا پرتاپ کی زندگی سے تحریک لیتے ہوئے کہا کہ عظیم اور خودکفیل ہندوستان کی تعمیر کے لئے ایسی بلندپابہ شخصیات کی یاد نوجوانوں کے دلوں میں ضروری ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ مہارانا پرتاپ نے ذات و مذہب کی تفریق کئے بنا سب کو ساتھ لے کر ملک میں عزت و ناموس کی لڑائی لڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور دنیا میں جہاں بھی ہندوستانی رہتے ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ اپنے یہاں بھی وہ مہارانا پرتاپ کی جینتی دھوم دھام سے منائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرتاپ کا نام تاریخ میں امر رہے گا۔