نئی دہلی: طویل انتظار کے بعد جنوب مغربی مانسون آج کیرالہ پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے یہاں بتایا کہ آج کیرالہ اور تمل ناڈو کے زیادہ تر حصوں، کرناٹک کے جنوبی حصے اور خلیج بنگال کے باقی حصوں میں مانسون پہنچ گیا ہے ۔ اس سال مانسون سات دن کی تاخیر سے آیا ہے ۔ عام طور پر یکم جون کو مانسون کیرالہ کے ساحل پر دستک دیتا ہے ۔ کیرالہ میں مسلسل بارش ہو رہی ہے ۔ کچھ علاقوں میں جمعہ کی صبح تک شدید سے شدیدتر بارش کی وارننگ دی گئی ہے ۔ ماہی گیروں کے لئے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جمعرات کی دوپہر دو بجے تک کیرالہ کے ساحل سے دور سمندر میں اور لکش دیپ میں جنوب مغرب سے 45 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کبھی کبھی ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہے ۔