رامیشورم:سری لنکا کی بحریہ نے مبینہ طور پر اپنی آبی حدود میں مچھلی پکڑنے کے الزام میں آج چھ ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر کے ان کی کشتیوں کو ضبط کرلیاہے ۔تمل ناڈو محکمہ ماہی پروری کے افسروں نے کہا کہ سری لنکا کی بحریہ نے رامیشورم میں بین الاقوامی سمندری سرحد لائن(آئی ایم بی ایل)کے نزدیک مچھلی پکڑنے گئے چھ ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیاہے ۔ان ماہی گیروں کی شناخت ماری گنیش ،مہیندرن،موجا،کروپاسوامی،بھاسکرن اور وینو بالاجی کے طورپر ہوئی ہے ۔سری لنکا کی بحریہ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر چھ ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں سری لنکا کی سرحد کے شمالی تلائی مننار علاقے میں مچھلی پکڑنے کے دوران گرفتار کیا گیاہے ۔30مئی سے مچھلی پکڑنے کے موسم کی شروعات کے بعد ہندوستانی ماہی گیروں کی گرفتاری کی یہ چوتھی واردات ہے ۔اس طرح اب تک 21ماہی گیرگرفتارہوچکے ہیں۔