غازی آباد:کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بڑھتی ہوئي مہنگائی پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج الزام لگایا کہ مہنگائی روکنے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آنے والی مودی سرکار دو سال میں بھی عوام کو اس سے راحت دینے میں ناکام رہی ہے ۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ مسٹر مودی اس وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے کہ مہنگائی کم کی جائے گی لیکن اس کے دو سال کی مدت میں مہنگائی گھٹنے کے بجائے مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ اب مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے اور ان کی پارٹی اس کے خلاف جنگ جاری رکھے گی ۔ مہنگائی عوام الناس کے لئے بڑ ے بحران کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں لیکن ہمارے یہاں پٹرول ڈیزل کے دام بڑھ رہے ہیں۔
کانگریس کے نائب صدر پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے مہنگائی کے خلاف مظاہرہ میں وزیر اعظم کا پتلا پھونکنے کے دوران جھلسنے والی ایک خاتون کارکن مینا دیوی کے گھر پر ان سے ملنے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے ۔