نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری نے امریکی شہر فلوریڈا میں زبردست گولی باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھلے سماجوں میں ایسے وحشیانہ اقدامات کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انسانیت کی قدروں اور امن کے پاسدار معاشرے کو اس طرح کی درندگی پر قابو پانے کے لئے مل جُل کر کام کرنا چاہئے ۔
مسٹر حامد انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ” مجھے فلوریڈا کے اورلینڈو میں بے قصور شہریوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی خبر سن کر انتہائی صدمہ پہنچا ہے ۔ میری ہمدردیاں اس حملے میں اپنی جان عزیز گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کے ساتھ ہیں ۔ اس طرح کے وحشیانہ اقدام کا کوئی جواز نہیں ہے ۔
دہشت گردی آج ایک عالمی وبأ کی شکل اختیار کرگئی ہے ۔ آج کوئی بھی شہر اس سے محفوظ نہیں ہے ۔ امن اور انسانیت کی قدروں کے پاسدار اجتماعی اور کھلے معاشروں کو اس قسم کی درندگی کا مقابلہ مل جل کرکرنا چاہئے ۔ ”