ورنگل (تلنگانہ) : تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا ہے کہ آندھراپردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کے آبپاشی پروجیکٹس کی تعمیر کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں اے پی کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت کو خط بھی روانہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے پروجیکٹس کو روکنا کسی کیلئے بھی ممکن نہیں ہے ۔
ہریش راو نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں تلنگانہ کے کالیشورم اور ڈنڈی پروجیکٹس کے سرکاری احکام جاری کئے گئے تھے ۔ انہو ں نے الزام لگایا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کے آبپاشی پروجیکٹس کیلئے سنجیدہ نہیں تھے اور تلنگانہ کے عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے آندھرا کے لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے پروجیکٹس میں مداخلت کرنا چھوڑ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجکٹس پر آندھرا کے لیڈر غیر ضروری تنازعہ پیدا کررہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ تلنگانہ حکومت نے سدیشورا جھیل کیلئے 50لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔
ضلع ورنگل میں مشن کاکتیہ پروگراموں کا جائزہ لینے کیلئے پہونچے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کڈپی کونڈالو میں مشن کاکتیہ کاموں کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورنگل ضلع کی تمام جھیلوں اور تالابوں کو دوبارہ کارگر بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں پیشرفت جاری ہے ۔ بھدرا کالی جھیل پشتہ کی مرمت کیلئے پانچ کروڑ روپئے بھی جاری کئے جائیں گے ۔ دیگر خستہ حال نالوں اور چیک ڈیمس کو درست کیا جائے گا ۔ اور نئے چیک ڈیمس بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔