کیرانہ: نقل مکانی کے سلسلے میں سیاسی اکھاڑہ بنے اترپردیش کے کیرانہ شہر کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے اور مظفر نگر فسادات کے ملزم سنگیت سنگھ سوم کی نربھے یاترا کو آج ضلع انتظامیہ نے روک دیا۔نربھے یاترا کے ساتھ ہی حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے لیڈر اتل پردھان کی سدبھاونا یاترا کو بھی نہیں نکلنے دیا گیا۔ ان یاتراؤں کے پیش نظر علاقے کو چھاونی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے پہلے ہی طے کرلیا تھا کہ یاترائیں کسی بھی صورت میں نہ نکلنے دی جائیں گی۔ علاقے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔مسٹر سوم میرٹھ کے سردھنا حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ وہ سردھنا سے ہی کیرانہ تک یاترا نکال رہے تھے ۔ بی جے پی ایم ایل اے کی یاترا کے پیش نظر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں۔ کسی بھی صورت سے نمٹنے کیلئے پانچ کمپنی پی اے سی، دو کمپنی مرکزی ریزرو پولیس فورس، ایک کمپنی ریپڈ ایکشن فورس، چار واٹر کینن، 500 سے زیادہ سول پولیس، چھ ایڈیشنل پولیس اور آٹھ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی تعیناتی مقامی پولیس کی مدد کیلئے کی گئی تھی۔
میرٹھ کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل لکشمی سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ یاتراؤں کو نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے ۔ کہا گیا تھا کہ جبراً یاترا نکالنے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔کیرانہ میں نقل مکانی کے سلسلے میں ایم ایل اے سنگیت سوم نے آج سردھنا سے کیرانا تک تقریباً 40 کلومیٹر کی نربھے پیدل یاترا نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے جواب میں سماج وادی پارٹی کے اتل پردھان نے سردھنا سے ہی سدبھاونا یاترا نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ انتظامیہ نے دونوں کو ہی اجازت نہیں دی۔دریں اثنا کیرانہ میں نقل مکانی کے معاملے کو سب سے پہلے اٹھانے والے مقامی ممبر پارلیمنٹ حکم سنگھ نے بھی مسٹر سوم سے یاترا نہ نکالنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے علاقے میں کشیدگی پھیل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یاترا نکالنے سے بہتر ہے کہ لوگوں کو نقل مکانی نہ کرنے کا مشورہ دیا جائے تاہم مسٹر سوم یاترا نکالنے پر بضد تھے ۔یاترا روکے جانے سے خفا مسٹر سوم نے کہاکہ انہوں نے یاترا نکالنے کا خیال ترک نہیں کیا ہے ۔ وہ پھر یاترا نکالیں گے ۔ یاترا روکے جانے کو انہوں نے جمہوری حقوق کی پامالی قرار دیا۔کیرانہ سے نقل مکانی روکنے کے سلسلے میں بی جے پی نے نو رکنی تحقیقاتی ٹیم کو کیرانہ بھیجا تھا۔ ٹیم واپس لوٹ آئی ہے ۔ اس نے اپنی رپورٹ پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ کو سونپ دی ہے ۔