لکھنؤ:اترپردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے آئندہ سال ہونے والے ریاستی اسمبلی الیکشن کیلئے آج 10 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے ۔ریاست کی 403 سیٹوں والی ریاستی اسمبلی میں پارٹی اس سے قبل 146 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے ۔10 امیدواروں کی اس فہرست کے ساتھ ہی ایس پی نے اب تک 156 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔پارٹی کے ترجمان اعلی اور آبپاشی کے وزیر شیو پال سنگھ یادو نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ سہارن پور میں دیوبند اسمبلی سیٹ سے مینا رانا کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ محترمہ رانا آنجہانی وزیر راجیندر سنگھ رانا کی اہلیہ ہیں۔ حال ہی میں اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں وہ ایس پی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑی تھیں مگر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مسٹر یادو نے بتایا کہ گوتم بدھ نگر کی جیور سیٹ سے ویون ناگر پارٹی کے امیدوار ہونگے ۔ متھرا اسمبلی حلقے سے ڈاکٹر اشوک اگروال، آگرہ دیہی سیٹ سے راکیش بگھیل، بریلی کے میر گنج حلقے سے حاجی زاہد حسین عرف گڈو، جھانسی کے ببینا حلقے سے شیام سندر یادو کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ جھانسی شہر سے دیپ مالا کشواہا کو امیدوار قرار دیا گیا ہے ۔مسٹر یادو نے بتایا کہ گورکھ پور دیہی حلقے میں پہلے سے اعلان کردہ ظفر امین ڈکو کی جگہ پر اب وجے بہادر یادو ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے ۔ مسٹر یادو بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔ دیوریا سیٹ سے وجے پرتاپ یادو کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرزا پور کی منجھوا سیٹ سے پربھاوتی یادو ایس پی امیدوار کے طور پر میدان میں ہوں گی جبکہ سون بھدر کی دودھی سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے روبی پرساد کو پھر سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔