بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے ایوارڈز تقریبات پر جانبداری کے الزامات کی تردید کی ہے کیونکہ ان کے مطابق ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے۔واضح رہے کہ اکثر و بیشتر فلم ایوارڈز کی تقریبات پر جانبداری کے الزامات لگتے رہتے ہیں۔ بعض فنکاروں کے مطابق ان ایوارڈز تقریبات میں انھیں کو انعامات دیے جاتے ہیں جو ان میں رقص کرتے ہیں۔ تاہم شاہ رخ خان کا خیال اس کے برعکس ہے۔ممبئی میں فلم ایوارڈز سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ان تقریبات میں ناچنے یا رقص کرنے کا موقع بھی انہیں کو ملتا ہے جن کے لیے وہ سال اچھا رہا ہو جن کی فلمیں پسند کی گئی ہوں۔ اس لیے ان انعامات پر تعصب یا جانبداری کا الزام لگانا غلط ہے۔ میرے لیے تو ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے۔‘شاہ رخ خان اس موقع پر اپنے پہلے ایوارڈ کو یاد کرتے ہوئے تھوڑے جذباتی بھی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والدین کو اپنی کامیابی دکھانا چاہتے تھے لیکن دونوں ہی ان کی کامیابی سے قبل دنیا سے رخصت ہو چکے تھے۔انھوں نے کہا کہ ’پہلے میں اپنے ایوارڈز اپنے ماں باپ کی نذر کیا کرتا تھا اب میں اپنے بچوں کے نام کرتا ہوں۔ میں اب بھی چاہتا ہوں کہ ایک دن ایسی عظیم فلم میں کام کروں جس کے لیے میرے ماں باپ جنت سے دیکھ کر مجھ پر فخر کریں۔‘انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اب ان کے تین بچے ہیں تو کچھ زیادہ ہی ایوارڈز جیتنے پڑیں گے۔کیا انھیں ان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملنے کا امکان ہے۔اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا: ’مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ میں کتنے ایوارڈز کے لیے نامزد ہوں تو میں اس بارے میں کیا کہ
وں۔‘انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ان میں سپورٹس مین سپرٹ کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور جب کسی دوسرے آرٹسٹ کو ایوارڈ ملتا ہے تو انھیں بالکل برا نہیں لگتا۔پریس کانفرنس کے آخر میں جب ایک صحافی نے ان سے پوچھ لیا کہ انھیں اور سلمان خان کو ایک ساتھ کب دیکھا جا سکے گا تو شاہ رخ خان نے کہا: ’کتنا پرانا سوال پوچھ لیا یار، کچھ تو دلچسپ سوال پوچھ لو۔