نئی دہلی:صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے دوسرے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر آج راشٹرپتی بھون میں منعقدہ پروگرام میں حصہ لیا۔
مرراجی دیسائی نیشنل یوگا انسٹی ٹیوٹ میں سے منعقدہ اس پروگرام میں صدر جمہوریہ کے دفتر کے افسران اور ملازمین ،ان کے کنبے کے اراکین ،دہلی پولس اور آئی ٹی بی پی کے جوانوں اور صدر کے محافظوں کے ساتھ ہی راشٹرپتی بھون کے دیگر مکینوں سمیت تقریباً ایک ہزار لوگوں نے حصہ لیا۔
پہلے بین الاقوامی یوم یوگا کاانعقاد گزشتہ سال 21جون کو راج پتھ پر کیا گیا تھا جس میں ملک و بیرون ملک کے ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل پر اقوامی متحدہ نے دسمبر 2014میں 21جون کو بین الاقوامی یوم یوگا قرار دیاتھا۔چالیس اسلامک ممالک سمیت 190سے زیادہ ملکوں نے یوگ کے لئے خاص دن رکھنے کی ہندوستان کی پہل کی حمایت کی تھی۔اس سال بھی بین الاقوامی یوم یوگا کا پروگرام مختلف ملکوں میں منایا جارہا ہے ۔
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ،وزیر خزانہ ارون جیٹلی،آبی وسائل کی وزیر اوما بھارتی ،وزیر دفاع منو ہر پریکر ،انسانی وسائل کی وزیر اسمریتی ایرانی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور کئی مرکزی وزیر سمیت متعدد رہنماؤں نے ملک کے مختلف حصوں میں ہو رہے یوگ پروگراموں میں حصہ لیا ۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ نے فرید آباد میں بابا رام دیو کے ذریعہ منعقدہ یوگ کیمپ میں حصہ لیا۔
نئی دہلی میں نئی میونسیپل کارپوریشن نے کناٹ پلیس کے ساتھ ساتھ نہرو پارک ،لودھی گارڈن اور تالکٹورا گارڈن میں یوگ پروگرام کا انعقاد کیا ۔کناٹ پلیس میں منعقدہ پروگرام میں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائڈو نے 10ہزار سے زیادہ لوگو ں کے ساتھ یوگ کے پروگرام میں حصہ لیا۔
اس دوران دہلی میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔دہلی میٹرو ریل کاپریشن نے بھی راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کو صبح ساڑھے آٹھ بجے تک بند رکھا تھا۔اس سے پہلے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا تھا کہ بین الاقوامی یوم یوگاکا پروگرام دنیا کے 191ملکوں میں منعقد کیا جارہا ہے ۔
بین الاقوامی یوم یوگا سے پہلے ،اتوار کو مشق کے طور پر راج پتھ پر یوگ کیمپ منعقد کیا گیا تھا،جہاں ہزاروں لوگوں نے اس میں حصہ لیا جس میں کئی مرکزی وزیر بھی شامل تھے ۔