لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ریاستی بجلی صارفین بورڈکے چیئر مین اودھیش کمار ورما نے سماج وادی پارٹی کی ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ۲۰۱۲ء میں جب وہ اقتدار میںآئی تھی اور بجلی ایکٹ ۲۰۰۳ کی دفعہ ۱۰۸ کے تحت احکامات جاری کرتے ہوئے عوام کو راحت دی تھی اسی طرح ایک بار پھر حکومت اپنے اس حق کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو راحت دینے کیلئے اہم قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اب بجلی شرحوں میں کمی کا مطالبہ پورے ملک میں کیا جا رہا ہے۔ ایسی صورت میں ریاست کے عوام بھی خاموش نہیں رہ سکتے ان کو بھی اس کا فائدہ ملنا
چاہئے۔
مسٹر اودھیش ورما نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے مطالبہ کیا کہ مفاد عامہ میں ان کو کمیشن کو حکم دینا چاہئے کہ بجلی کی شرحوں میں کمی کیلئے جو بھی اقدامات کئے جا سکتے ہوں وہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش کے گھریلو صارفین سے جوشرح وصول کی جا رہی ہیں وہ دوسری ریاستوں کے مقابلے بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بجلی شرحوں میںاضافہ کیا گیا تھا تو ہر ایک کو پتہ تھا کہ ٹیریف فکسنگ کر کے عوام پر بوجھ ڈالاگیا ہے۔اس وقت بھی صارفین بورڈ نے تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سے ملاقات کر کے اس معاملہ میں تعاون کامطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو بجلی جیسے اہم مسئلہ کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کسی قسم کی سبسڈی یا امداد کا مطالبہ نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ کہا یہ جا رہا ہے کہ وہ بجلی شرحوں میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے تاکہ عوام کو براہ راست فائدہ ہو سکے اور گرانی کے اس دور میں کچھ راحت مل سکے۔