مالدہ:مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں سیاسی رنجش کے سبب ایک 13 سالہ بچے کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ بچے کو کل رات اغوا کیا گیا تھا۔
پولیس نے آج بتایا کہ حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس سے باہر نکالے گئے بکُل شیخ نے پارٹی میں اپنے معاون کارکن ابراہیم کے ساتویں درجہ میں پڑھنے والے بیٹے شبیر حسین کا اس کے گھر سے گزشتہ رات اغوا کرلیا تھا اور بعد میں اسے گولی مار دی گئی تھی۔ لڑکے کو مالدہ میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بکُل اور ابراہیم کے مابین علاقے میں غلبہ حاصل کرنے کی لڑائی تھی۔ علاقے میں قتل کی خبر پھیلتے ہی مشتعل لوگوں نے جائے واقعہ پر جمع ہونا شروع کردیا۔ جائے واقعہ پر کم پولیس جوانوں کو دیکھ کر مشتعل لوگوں نے ان پر پتھروں سے حملہ کردیا۔
صورتحال خراب دیکھ کر پولیس جوان گاڑی چھوڑ کر جائے واقعہ سے بھاگ گئے ۔ بعد میں پولیس نے فساد کرنے والے سات لوگوں کو پکڑ لیا۔ اصل ملزم کی اب تک گرفتاری نہ ہونے سے عوام غصے میں تھے ۔ واقعہ کی مخالفت میں ہجوم نے قومی شاہراہ 34 کو بھی جام کردیا۔