بولی وڈ اداکار ہریتھیک روشن گزشتہ رات ترکی کے شہر استنبول کے کمال اتاترک ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں بال بال بچ گئے۔
اداکار اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ اسپین میں چھٹیاں گزارنے گئے تھے جس کے بعد وہ براستہ استنبول واپس ہندوستان جارہے تھے۔
اس حملے سے 3 گھنٹے قبل وہ ایک فلائٹ لے کر استنبول سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوئے اور جیسے ہی ایئرپورٹ حملے کی خبر میڈیا پر پھیلی اداکار نے اپنے بال بال بچنے کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی۔
ہریتھیک روشن نے اپنی ٹویٹ میں کہا، ’استنبول میں کنکٹنگ فلائٹ مِس کردی اور ایئرپورٹ پر پھنسا رہا، دوسری فلائٹ اگلے دن تھی لیکن اکانومی فلائٹ لے کر وہاں سے پہلے ہی روانہ ہوگیا‘۔
انہوں نے ایئرپورٹ عملے کے کام کو بھی سراہا اور ساتھ ہی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے لوگوں سے اس کے خلاف کھڑے ہونے کی بھی گزارش کی۔
واضح رہے کہ ترکی کے شہر استنبول کے کمال اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 خودکش دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک جبکہ 150 زخمی ہوئے۔