بغداد۔؛عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق عراقی فورسز اور قبائلی جنگجوؤں نے داعش تنظیم کے چار سو ارکان کا محاصرہ کرلیا ہے۔ ان افراد نے عامریہ الفلوجہ شہر کے نزدیک رزازہ جھیل میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔فلوجہ شہر داعش جنگجوؤں سے خالی ہوچکا ہے اور عراقی فورسز کا مختلف علاقوں میں گشت جاری ہے۔
جہاں تک داعش کے باقی رہ جانے والے ارکان کا تعلق ہے تو لگتا ایسا ہے کہ انہوں نے عامریہ الفلوجہ شہر کے شمال میں واقع رزازہ جھیل کے راستے صحرائے کربلا فرار ہونے کا فیصلہ کیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعد معن نے واضح کیا کہ داعش کے چار سو کے قریب ارکان فلوجہ کے اطراف سے کربلا صوبے کے زیرانتظام رزازہ جھیل کی جانب بڑھے تاہم انہیں سیکورٹی فورسز اور قبائل کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ تنظیم نے مذاکرات کے ذریعے اس صورت حال سے بچنے کی کوشش کی تھی۔