پیرس: فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے اقرار کیا ہے کہ ان کی نجی زندگی مشکلات کا شکار ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ نجی معاملات نجی طور پر ہی نمٹائے جانے چاہییں۔ تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر اولاندا کا کہنا ہے کہ معاشقہ اسکینڈل ان کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ جلد اس مسئلے کو حل کرلیں گے۔ پیرس میں پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ دورہ امریکا پر ان کے ساتھ خاتون اول جائیں گی یا ان کی نئی دوست، تو فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یہ نجی معاملہ ہے اور وہ اسے نجی طور پر ہی حل کرلیں گے۔ کسی کو اس میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ امریکا پر جانے سے پہلے وہ یہ مسئلہ نمٹا لیں گے۔ امریکا کی جانب سے صدر اولاند اور فرسٹ لیڈی ویلیری ٹرائیرویلر کو اگلے ماہ وائٹ ہاوس میں مدعو کیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر اولاند کے فلمی اداکارہ ڑولی گائیے سے معاشقے کا اسکینڈل کچھ دن پہلے سامنے آیا ہے۔ فرانس کی خاتون اول اس خبر کے صدمے سے اسپتال میں داخل ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب حزب اختلاف نے بھی اس معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رکھا ہے اوراسمبلی اجلاس میں صدر اولاند سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔