ڈھاکہ: امریکہ نے کہا ہے کہ ڈھاکہ میں دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت کرنے میں وہ بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ ہے ۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ”ہم اس حملے میں قتل ہونے والے 21 یا زیادہ افراد کے لواحقین اور ہلاک و زخمی ہونے والے قانون کا نفاذ کرنے والے بنگلہ دیشی اہل کاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں”۔
ترجمان نے اِس بات کی تصدیق کی کہ اس وحشیانہ حملے میں جو لوگ ہلاک ہوئے ، اُن میں ایک امریکی شہری بھی شامل ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ”امریکہ بنگلہ دیش میں پُرتشدد انتہاپسندی کے انسداد کے لیے وزیر اعظم حسینہ کے عزم کی حمایت کرتا ہے ”۔
اِس سلسلے میں ترجمان نے کہا کہ ”ہم حکومت بنگلہ دیش سے قریبی رابطے میں ہیں اور حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کے سلسلے میں ہم نے اُنھیں اعانت کی پیش کش کی ہے ”۔
بقول ترجمان، ”دہشت گردی کے انسداد اور پُرتشدد انتہا پسندی سے نبرد آزما ہونے کی مشترکہ کوششوں کے حوالے سے ہم ہمیشہ کی طرح، آج بھی بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔”