چنئی:تمل ناڈو میں انفوسس کی خاتون ملازم سواتی قتل معاملے کے اصل ملزم رام کمار کو 18 جولائی تک آج عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
آج صبح رام کمار کو آج سخت سیکورٹی کے درمیان ترونیل ویلي سے چنئی لایا گیا اور سرکاری رویا پیٹا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ایگمور کے 14 ویں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ گوپی ناتھ نے اسپتال میں رام کمار کا بیان درج کیا۔ مجسٹریٹ نے اسے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔
انجینئرنگ میں گریجویٹ رام کمار کو ایمبولینس سے تقریباً 12 گھنٹے کا سفر طے کر صبح پانچ بجے اسپتال لایا گیا تھا۔ پولیس جب رام کمار کو گرفتار کرنے گئی تھی تو اس نے گلا کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی تھی جس کے بعد ترونیل ویلي میڈیکل کالج اور اسپتال میں ہفتہ کو اس کی سرجری کی گئی۔ اب اسے یہاں رویاپیٹا اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے کمرے (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے ۔
رام کمار کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب اس کی حالت مستحکم ہے اور وہ ہوش میں ہے ۔ انہوں نے کہا، ‘رام کمار کی حالت میں بہتری آ رہی ہے ۔ وہ بات کر پا رہا ہے ‘۔
اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ اسے ناشتے میں اڈلی، اڈیپم اور جوس دیا گیا۔ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اور سرجن مسلسل اس کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔