نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنی کابینہ کی توسیع کرکے 19 نئے چہرے وزیرمملکت کے طور شامل کئے اور ماحولیات کے وزیر مملکت پرکاش جاوڈیکر کو ترقی دے کر کابینہ وزیر بنایا۔
راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں صدر پرنب مکھرجی نے نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ نئے وزراء میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
کابینہ کی توسیع میں سب سے زیادہ چار وزیر راجستھان کے شامل کئے گئے ہیں۔ اسمبلی الیکشن والی ریاست اترپردیش سے تین اور اتراکھنڈ سے ایک رکن پارلیمنٹ کو وزیر بنایا گیا ہے ۔ اتراکھنڈ کو مودی حکومت میں پہلی بار نمائندگی دی گئی ہے ۔ مدھیہ پردیش اور گجرات سے تین۔تین، مہاراشٹر سے دو اور آسام، مغربی بنگال اور کرناٹک سے ایک ایک وزیر بنائے گئے ہیں۔
مسٹر مودی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی دو معاون پارٹیوں ‘اپنا دل’ اور ‘ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی)’ کو بھی کابینہ میں نمائندگی دی ہے ۔ اپنا دل کی انوپریا پٹیل اور آر پی آئی کے رام داس اٹھاولے کو وزیر بنایا گیا ہے ۔ پرانی ساتھی پارٹیوں شیو سینا اور شرومنی اکالی دل کو اس توسیع میں جگہ نہیں دی گئی ہے جن کے پہلے سے کچھ وزیر کابینہ میں شامل ہیں۔ مودی حکومت کی کابینہ کی دوسری توسیع میں نئے وزراء کے طور پر آج حلف لینے والوں میں مدھیہ پردیش سے پھگن سنگھ کلستے ، ایم جے اکبر اور انل مادھو دوے ، راجستھان سے وجے گوئل، ارجن رام میگھوال،، سی آر چودھری اور پی پی چودھری، مہاراشٹر سے رام داس اٹھاولے اور سبھاش رام راؤ بھامبرے ، گجرات سے پروشوتم روپالا، جسونت سنگھ بھابھور، من سکھ بھائی منڈویا، اترپردیش سے ڈاکٹر مہیندر ناتھ پانڈے ، انوپریا پٹیل اور کرشنا راج، اتراکھنڈ سے اجے ٹمٹا، مغربی بنگال سے ایس ایس اہلووالیہ، آسام سے راجن گونہائی اور کرناٹک سے رمیش جگجِناگی شامل ہیں۔
آج شامل کئے گئے وزراء میں سے 13 لوک سبھا کے اور 6 راجیہ سبھا کے اراکین ہیں۔ مسٹر پرکاش جاوڈیکر راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ قبل ازیں وہ وزیر مملکت تھے اور انہیں ترقی دے کر کابینہ وزیر بنایا گیا ہے ۔
اترپردیش میں بدلتی ہوئی سیاسی وفاداریوں کے پیش نظر ایک برہمن، پسماندہ طبقہ کے ایک اور ایک دلت ممبر پارلیمنٹ کو وزیر بنایا گیا ہے ۔