نئی دہلی : صدر پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے فرانس کے نیس شہر پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مصیبت کے اس وقت میں ہندستان دہشت گردی کے خلاف پوری طرح فرانس کے ساتھ ہے ۔
صدر پرنب مکھرجی نے ٹویٹ کرکے کہا ‘فرانس کے نیس میں قومی دن کے جشن کے لئے اکٹھے ہوئے معصوم لوگوں کے ہجوم پر دہشت گردانہ حملے کی خبر سن کر حیران ہوں اور حملے کی سازش کرنے والوں کی سخت مذمت کرتا ہوں۔مسٹر مکھرجی نے کہا ‘ہندستان اس واقعہ کی مخالفت میں فرانس کی حکومت اور عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے ۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرانس اور دیگر ممالک کے اپنے تعاون کو مضبوط کریں گے ۔
مسٹر مکھرجی نے حملے میں مارے گئے تمام افراد کے کنبوں کے تئیں گہرے رنج و غم کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا، ‘نیس پر دلدوز حملے سے میں بے چین ہوں۔ پاگل پن سے بھرے ایسے پرتشدد حملے کی میں سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میری ہمدردی ہلاک شدگان کے گھروالوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا ‘میں زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ہندستان مصیبت کی اس گھڑی میں فرانس کے عوام کے ساتھ ہے ‘۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بھی دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ حملہ امن اور جمہوری اقدار کے خلاف سخت نفرت کا اظہار کرتا ہے ۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے رشتہ داروں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سازش کرنے والوں کو سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس سربراہ نے کہاکہ اس بحران میں ان کی پارٹی فرانس کے عوام کے ساتھ ہیں۔پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا ‘میں اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انسانیت کے ذریعہ ہی ہم امن، ترقی اور خوشحالی لا سکتے ہیں، تشدد اور دہشت گردی اس کا جواب نہیں ہوسکتا۔