لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مظفرنگر اور شاملی سے آئے درجنوں افراد نے آج سماج وادی پارٹی کے صدر دفتر میں ریاس
ت کے محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر شیو پال سنگھ یادو سے ملاقات کی اور ریاستی حکومت کے ذریعہ متاثرین کو دی جانے والی راحت اور رہائش کی تعریف کی۔ ریاستی حکومت نے وزیر مملکت آشو ملک کی قیادت میں آئے ان متاثرین نے اعتراف کیا کہ حکومت نے ہم لوگوں کی کافی مدد کی ہے۔ قصبہ شاہ پور کے حاجی شاہد نے کہا کہ حکومت نے ہماری جو مدد کی ہے اس سے ہم زمین خرید پراپنا گھر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فساد کے چار ماہ بعد مختلف پارٹیوں کے لوگ بڑی بڑی گاڑیوں سے آرہے ہیں اورایک کمبل یا کچھ سامان دے کر ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر شیو پال یادو نے کہا کہ مظفرنگر میں حکومت نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہے آئندہ بھی ان کی جو ضرورت ہوگی وہ پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کوکوئی مدعا نہیں مل رہا ہے اس لئے وہ حکومت کو بدنام کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں اور کچھ سازش کرنے والوں کو حکومت کے ذریعہ کئے گئے اچھے اور ترقیاتی کام نظر نہیں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ آئے ہیں وہ سب راحت کیمپوں میں تھے حکومت نے ان کی مدد کی ہے اور اس سے
وہ مطمئن ہیں۔
پیغام رسالت کانفرنس
لکھنؤ۔ دارالعلوم وارثیہ وشال کھنڈ گومتی نگر کے زیر اہتمام پیغام رسالت کانفرنس گلزار میاں کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ مولانا ظہیر عباس نے حضور کی غیب دانی اور رسالت محمدی کو قرآنی آیات کی روشنی میں بیان کیا۔ مفتی قمر الدین بہرائچی ، مولانا مختار الحسن بغدادی نے رسول اکرمؐ کی سیرت طیبہ کو دلائل و براہین کی روشنی میں واضح کیا۔ کانفرنس میں حافظ عبدالرشید، قاری محمد سجاد، مولانا خطیب عالم، مولانا محمد فاروق مصباحی، مولانا نورالاسلام اور قاری اظہر وغیرہ نے شرکت کی۔