لکھنؤ۔( نا مہ نگار)اترپردیش کے وزیر طب، صحت وکنبہ بہبود احمد حسن نے بتایا کہ ۱۷ جنوری کو ۵ کالی داس مارگ پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ’ ۱۰۲‘ نیشنل ایمبولینس خدمات کا افتتاح کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں اسمبلی واقع
اپنے چیمبر میں ۱۰۲ ایمبولینس خدمات کا جائزہ جلسہ کرتے ہوئے وزیرصحت احمد حسن نے کہی ۔ انہوںنے بتایا کہ ریاست میں ۱۰۲ ایمبولینس خدمات کا آغاز ہونے سے حاملہ خواتین اور بچوں کی اموات کی شرح میں کمی آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۰۲ ایمبولینس خدمات حاملہ خواتین کو زچگی کیلئے قریب ترین کے سرکاری اسپتالوں پر لے جائے گی اور زچگی کے بعد انہیں گھر پر چھوڑے گی ۔ اس خدمات کے تحت ایک ماہ تک کے بچوں کو بھی علاج کی سہولت فراہم کرائی جائے گی ۔ یہ خدمات ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں میں دستیاب رہے گی ۔ شہری علاقوں میں بیس منٹ اور دیہی علاقوں میں تیس منٹ میں ایمبولینس گھر پہونچے گی۔
مسٹر حسن نے بتایا کہ عوام ۱۰۲ کال سنٹر پر فون کرکے اس سہولت کا فائدہ حاصل کرسکیں گے ۔ ۱۷ جنوری کو ہی ریاست میں چل رہی ۹۷۲ ایمبولینس بھی اس اسکیم سے وابستہ ہوجائے گی ۔ ۱۰۲ خدمات کے تحت دو مراحل میں ۱۹۷۲ ایمبولینس چلائی جائیں گی بقیہ ایمبولینس کا بندوبست جلد ہی کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس خدمات کے تحت ابھی ایک ماہ تک کے بچوں کو مستفید کیا جائے گا آنے والے دنوں میں ایک سال کی عمرتک کے بچوں کو خدمات کے تحت جوڑنے کی کوشش کی جائے گی ۔ آج ریاستی حکومت اور پرائیوٹ خدما ت کے اسپانسر ڈ جی بی کے امری کے درمیان معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں ۔
وزیر صحت نے بتایا کہ ۱۰۸ ایمبولینس خدمات کے تحت اب تک ۱۸ لاکھ سنگین مریضوں اور حادثے سے متاثر افراد کو طبی خدمات فراہم کرائی جاچکی ہیں جس میں ۱۰ لاکھ حاملہ خواتین مستفید ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ۱۰۲ ایمبولینس خدمات کا آغاز ہوجانے پر دیہی ،دورافتادہ علاقوں اور گندی بستیوں میںر ہائش اختیار کرنے والے عوام کو مزید بہتر طبی خدمات حاصل ہوسکیں گی ۔ یہ سہولت ۲۴ گھنٹے یومیہ سینٹریلائزڈ کال سنٹر ’۱۰۲ ‘ کے توسط سے مفت فراہم کرائی جائے گی ۔