نئی دہلی:پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے بینکوں کے کروڑو روپے کے مقروض اور غیر ملکی کرنسی کے انتظام قانون (فیما) کی خلاف ورزی کے الزام میں صنعتکار وجے مالیا کے خلاف چیک باؤنس کے ایک معاملے میں آج غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا۔
عدالت نے مالیا کو چار نومبر کو اس کے سامنے پیش کئے جانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کئی بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود مالیا پیش نہیں ہوئے ہیں ایسے میں ان کی پیشی کو یقینی بنانے کے لئے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جا رہا ہے ۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے یہ غیر ضمانتی وارنٹ مالیا تک پہنچانے کا اہتمام کرے ۔ وجے مالیا ان دنوں لندن میں ہیں۔
چیک باؤنس کا یہ معاملہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈہ لمیٹڈ (ڈائل) سے منسلک ہے ۔ مالیا کی اب بند ہو چکی کنگ فشر ایر لائنز نے ہوائی اڈے کا استعمال کرنے کے عوض میں ڈائل کو سات کروڑ 50 لاکھ روپے کے تین چیک ادا کیا تھا۔ یہ تینوں چیک باؤنس ہو گئے ۔ جس پر ڈایل نے اس معاملے میں پٹیالہ ہاؤس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔