نئی دہلی: ‘سووکچھ بھارت ابھیان’ کے تحت حکومت نے ملک کی 70 فیصد سے زیادہ شہری آبادی پر محیط 500 شہروں میں ‘سووکچھ سرویکشن 2017’ شروع کرتے ہوئے آج کہاکہ آئندہ سال مارچ تک گجرات، آندھرا پردیش اور کیرالہ کھلی جگہوں پر رفع حاجت سے پاک ہوجائیں گے ۔
شہری ترقی کے وزیر ایم وینکیا نائڈو نے اس سروے مہم کو شروع کرتے ہوئے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ شہری علاقوں میں صاف صفائی کا یہ دوسرا سروے ہوگا جس میں ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں اور قصبوں کو شامل کیا جائے گا۔ پہلا سروے اکتوبر 2014 میں 73 شہروں میں کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘سووکچھ سرویکشن 2017’ میں متعلقہ شہروں میں صاف صفائی کی سطح اور ریاستوں اور شہری بلدیات کی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سروے میں شامل 500 شہروں کی رینکنگ بھی کی جائے گی۔ اس سروے میں وراثت کے نقطہ نظر سے اہم شہروں، پہاڑی خطوں اور سیاحتی مقامات کو شامل کیا جائے گا۔ مسٹر نائیڈو نے کہاکہ ان 500 شہروں میں سروے سے ہندستان کے شہروں میں صاف صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی اور دو سال قبل شروع کئے گئے سووکچھ بھارت ابھیان کی حصولیابیوں کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے شہری علاقوں کو ‘کھلی جگہوں پر رفع حاجت’ سے پاک کرنے کا ہدف بھی حاصل کیا جاسکے گا۔
انہوں نے کہاکہ سروے شروع ہونے کے ساتھ 324 اضلاع میں واقع ان شہروں کے میئر، میونسپل چیئرمین، میونسپل کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران وزارت سے منسلک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت ان شہروں کے منتخب نمائندوں سے بھی رابطہ کرکے ان کا تعاون حاصل کرے گی۔ انہیں صفائی مہم سے منسلک ہونے کیلئے راغب بھی کرے گی۔ یہ سروے آئندہ چھ ماہ تک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے 115 شہروں کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کرلیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال جنوری میں ایک بھی شہر اس زمرے میں نہیں تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر 739 شہر بھی رواں مالی سال کے آخر تک اس زمرے میں آجائیں گے ۔