لکھنئو:گایوں کو لے کر حال ہی میں دلتوں کی مارپیٹ سے دکھی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے آئے بیان کے درمیان اترپردیش کے وزیراعلی اکھیلش یادو نے آج کہا ہے کہ گائے کے تحفظ کے معاملہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔
مسٹر یادو نے یہاں کابینہ کی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ گائے کی سیوا (خدمت) کرنی چاہئے ۔ اس کو لیکر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔ مرکزی سرکار کے پاس کوئی موضوع نہیں ہے ۔ ترقی کے معاملہ سے لوگوں کا دھیان ہٹاکر گائے کے تحفظ کی سیاست کی جارہی ہے اس سے غریبوں کا بھلا ہونے والا نہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ملک میں ترقی پر بحث ہونی چاہیے ۔ مرکزی سرکار کو گائے کی اہمیت بہت دیر میں سمجھ میں آئی ہے ۔ بی جے پی ہر روز نیا شگوفہ چھوڑتی رہتی ہے ترقی کے نام پر بی جے پی کوئی کام نہیں کرپاتی ہے اس لئے وہ ترقی کے بجائے دوسرے معاملوں کو ہوا دے رہی ہے ۔ مسٹریادو نے کہا کہ مرکزی سرکار اترپردیش میں ہورہے ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے کے بجائے ملک کو اہم معاملوں سے بھٹکاکر گائے کے تحفظ کی سیاست کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی سرکار نے اپنے وسائل سے کسانوں کی مدد کی ہے ۔ ژالہ باری سے بربادی کے ازالہ کے لئے کسانوں کو معاوضہ دیا۔ ریاست میں سب سے بڑا ایکسپریس وے بنایا جارہا ہے ۔اس سے لاکھوں کسانوں کو فائدہ ہوگا اور اپنا سامان ملک کے بڑے بازاروں میں سیدھے لاکر فروخت کرسکیں گے ۔
وزیراعلی نے کہا کہ ایکسپریس وے کی مدد سے ڈیری کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ ریاست میں 10 لاکھ لیٹر دودھ کی پیداوار مزید بڑھے گی۔ سماج وادی سرکار گاؤں کو بہت ترقی دے رہی ہے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ریزرویشن ایک بڑا معاملہ ہے اور اہم بھی۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے ساتھ عزت ملنی بھی ضروری ہے ۔
انہوں نے ریاست کے ممبران پارلیمنٹ سے ریاست کی ترقی میں مدد کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اس ریاست سے زیادہ تر ممبران پارلیمنٹ بی جے پی کے ہیں۔ بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ کو مرکزی سرکار پر دباؤ ڈال کر ریاست کی ترقی میں تعاون دینا چاہئے ۔ پردیش سرکار مہارت پیدا کرنے کا پروگرام چلارہی ہے جس سے نوجوانوں کو روزگار پانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ ان کی سرکار نے کئی منصوبے چلائے ہیں تاکہ نوجوانوں کو کام مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کی ترقی کے کاموں کا ذکر دیگر ریاستوں میں بھی ہورہا ہے ۔ کئی ریاستیں تو یہاں کی نقل کررہی ہیں۔ اس پر انہیں اعتراض نہیں ہیں کیونکہ ترقی پر سب کا برابر کا حق ہے ۔ ریاستوں کی ترقی ہو تو ملک اپنے آپ ترقی کرے گا۔
انہوںنے کہا کہ ممبروں کو ریاست کی ترقی کے لئے مرکزی سرکار پر اس لئے بھی دباؤ ڈالنا چاہئے کیونکہ آگے چل کر انہیں بھی الیکشن لڑنا ہے ۔