سری نگر ، : وادی کشمیر میں قریب 30 گھنٹوں کی معطلی کے بعد نجی کمپنیوں کی پوسٹ پیڈ خدمات اور پری پیڈ سم کارڈوں کی انکمنگ کال سہولیت بحال کردی گئی۔
تاہم گرمائی دارالحکومت سری نگر میں قائم بیشتر میڈیا دفاتر کی انٹرنیٹ خدمات ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ موبائیل انٹرنیٹ اور پری پیڈ سم کارڈوں کی آوٹ گوئنگ کال سہولیات بدستور معطل رکھی گئی ہیں۔
سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی پوسٹ پیڈ فون اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ سری نگر میں بیشتر میڈیا دفاتر بشمول یو این آئی کو انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی نجی سروس پرووائڈر ‘سی این ایس پرائیویٹ لمیٹڈ’ نے اپنے صارفین کو کوئی پیشگی اطلاع دیے بغیر 12 جولائی کو سہ پہر چار بجے کے وقت اپنی انٹرنیٹ خدمات بند کردیں۔
سی این ایس کے ایک اہلکار نے یو این آئی کو بتایا کہ انہیں انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کی ہدایات ملی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق انٹرنیٹ کی معطلی 16 اگست کی صبح تک جاری رہے گی۔ ایک رپورٹ کے مطابق سرکاری اہلکاروں نے سی این ایس کو کئی ایک فون کئے اور اسے میڈیا دفاتر کی انٹرنیٹ خدمات کاٹنے کے لئے کہا۔ وادی کے تمام حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھرپ میں ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی پرتشدد احتجاجی لہر کے پیش نظر 8 اور 9 جولائی کی درمیانی رات کو معطل کردی گئی تھی جبکہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ فون سروس کو بھی معطل کردیا گیا تھا ۔
موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے 6 روز بعد 14 جولائی کو رات کے قریب آٹھ بجے وادی بھر میں موبائیل فون سروس بھی معطل کی گئی تھی۔تاہم بی ایس این ایل کے پوسٹ پیڈ کنکشنوں کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔ قریب دو ہفتے تک معطل رکھنے کے ریاستی حکومت نے انسانی حقوق کی قومی و بین الاقوامی تنظیموں بالخصوص ایمنسٹی انٹرنیشنل اور مختلف سیاسی جماعتوں کے دباؤ اور وادی سے باہر مقیم کشمیری طلبہ اور تاجروں کے بار بار اصرار کے بعد 26 اور 27 جولائی کی درمیانی رات کو تمام نجی مواصلاتی کمپنیوں کی پوسٹ پیڈ فون خدمات کو بحال کردیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پری پیڈ فون اور انٹرنیٹ خدمات کو معطل رکھنے کا اقدام کسی بھی طرح کی افواہوں کو روکنے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ صورتحال میں بہتری آنے کے ساتھ ہی پری پیڈ موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات کو بھی بحال کردیا جائے گا۔