کوالالمپور ۔( یو این آئی) ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کی نئے سال کی شروعات خراب رہی اور وہ پر
ی کوارٹر فائنل میں جمعرات کو سخت جدوجہد کے بعد شکست کھا کر ملائیشیا اوپن سے باہر ہو گئیں جبکہ کے سری کانت نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ۔آٹھویں سیڈ سائنا کو چین کی جوئی یاو نے 56 منٹ تک چلے مشکل مقابلہ میں21۔16، 10۔21، 19۔21 سے شکست دی۔ سائنا کے ساتھ عالمی چیمپئن کی کانسے کا تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ سندھو کو چھٹی سیڈ کوریا کی بیئی زو ایون نے 45 منٹ میں 16۔21، 19۔21 سے ہراکر کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔اس درمیان مردوں کے سنگلز میں سری کانت نے کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ہندوستان کی امید کو بنائے رکھا۔ سری کانت نے کوریا کے وان ہو سون کو ایک گھنٹے نو منٹ میں 11 ۔ 21، 21 ۔9 سے شکست دی۔سری کانت کو کوارٹر فائنل میں چوتھی سیڈ انڈونیشیا کے ٹامی سگیارتا کے ساتھ مقابلہ ہوگا ۔سائنا گزشتہ سال ایک عدد خطاب کے لئے ترستی رہ گئی تھیں اور ان کی نئے سال کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی ۔ ٹورنامنٹ کا پہلے راؤنڈ کا میچ مسلسل گیموں میں جیتنے والی سائنا نے پری کوارٹر فائنل میں اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلا گیم 12 ۔12کی برابری کے بعد مسلسل سبقت رکھتے ہوئے 16۔21سے جیت لیا ۔دوسرے گیم میں سائنا حیرت انگیز طور پر اپنی لے کھو بیٹھیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چینی کھلاڑی نے شروع سے لے کر آخر تک سبقت برقرار رکھا۔ یہ گیم 10۔21 سے جیت لیا ۔ دنیا کی 30 ویں نمبر کی کھلاڑی یاؤ نے اس دوران مسلسل چار اور چھ پوائنٹس جوڑے۔فیصلہ کن سیٹ میں سائنا 8۔10 سے آگے ہو گئیں لیکن یاؤ نے پھر لگاتار چار پوائنٹس لے کر 10۔12 کی سبقت حاصل کی اور اسکور 17۔19 پہنچا دیا ۔ سائنا نے چینی کھلاڑی کو 19۔19 کی برابری پر پکڑا ۔ یاؤ نے پھر دو پوائنٹس لے کر کھیل 19۔21 سے جیت کر میچ ختم کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔یاؤ کی سائنا کے خلاف یہ پہلی جیت ہے ۔سندھو نے چھٹی سیڈ کوریائی کھلاڑی کے خلاف دوسرے گیم میں ضرور جدوجہد کی لیکن وہ 45 ویں منٹ میں مقابلہ جیت گئیں ۔ بیئی نے پہلے گیم میں مسلسل سات پوائنٹ لے کر 3۔10کی سبقت حاصل کی اور پھر یہ گیم 16۔21 سے ختم کیا۔ دوسرے سیٹ میں سندھو 15۔19کی سبقت کے ساتھ میچ کو فیصلہ کن گیم میں پہنچانے کے قریب تھیں لیکن عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر کی کھلاڑی بیئی نے مسلسل چھ پوائنٹس لے کر کھیل 19۔21 سے گیم ختم کرکے میچ جیت لیا ۔بیئی کی سندھو کے خلاف دو مقابلوں میں یہ دوسری جیت ہے ۔
سائنا اور سندھ کی ہار کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سنگلز میں ہندوستانی چیلنج بھی ختم ہوگیا۔