کانپور۔(نامہ نگار)۔ شہر کے چڑیا گھر کی تزئین کاری، شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے، حکومت اور انتظامیہ کا درست بندوبست، انتظامیہ افسران کی محنت اور شہر میں وزیر اعلیٰ کا نہ آنا ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ سماجی وکاس کمیٹی کے علاقائی صدر رفیع احمد انصاری ، ریاست کے کارگزار صدر اوم شرن تیواری ، جنرل سکریٹری جگدیش مسیح نے پریس کلب میںمنعقد پریس کانفرنس میں مشترکہ طور پر کہا کہ دو مرتبہ ایسا ہو چکا ہے کہ وی وی آئی پی بندوبست کے بعد وزیر اعلیٰ کا دورہ منسوخ ہو گیا۔ پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ ، وزیر مملکت سریندر موہن اگروال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں آنے والے تھے لیکن ان کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔ کمیٹی کے ریاستی صدر احمد علی انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا کانپور آنے سے خوفزدہ کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی سیاسی اور غیرسیاسی تنظیمیں وزیر اعلیٰ کو شہر کے مسائل کے سلسلہ میں عرضداشت سپرد کرنا چاہتے تھے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد پر لاکھوں روپئے خرچ کئے گئے اور سرکاری رقم برباد ہو گئی۔
شیر علی سلطان شاہ کے دوروزہ عرس کا آغاز
گورکھپور۔(نامہ نگار)۔بابا شیر علی سلطان شاہ شہید کا ۳۲واں دوروزہ سالانہ عرس آج سے ہمایوں پو رواقع ان کے آستانے پر شروع ہو گیا۔ عرس کے پہلے دن صبح ۸ بجے قرآن خوانی اور شام چار بجے بابا شیر علی کے مزار پر سرکاری چادر پوشی کی گئی۔ آستانہ کے خدام اسرار عالم نے بتایا کہ سرکاری چادر و گاگر کا جلوس جگیسر پاسی چوراہا گورکھ ناتھ تھانہ سبزی منڈی ہوتے ہوئے بابا کے آستانے پہنچا۔ اس کے بعد بابا کی مزار پر چادر پوشی کی گئی۔ مسٹر عالم نے بتایا کہ جمعہ کو شب میں ۹ بجے قوالی کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔