کانپور۔ (نامہ نگار) ۔ کانپور شہر کے دیہی علاقہ چوبے پور میں کل شام ایک ریلوے کراسنگ پر ایک ٹرک کنٹینر چھپرا-متھرا ایکسپریس ٹرین کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے تین نوجوانوںکی موت ہو گئی۔ ایس پی دیہات انل مشرا نے بتایا کہ حادثہ اتنا زبردست تھا کہ ٹرک کے پرخچے اڑ گئے اور حادثہ کے بعد کچھ وقفہ کیلئے ٹرین بھی رک گئی ۔مسٹر مشرا نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت امت (۲۸)، اروند (۲۲) اور سدھیر(۲۰) کے طور پر کی گئی ہے ۔مذکورہ تینوں نوجوان ٹرک میں سوارتھے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ کل شام کانپور -کانس گنج ریلوے لائن پر ادھون نوادا گاؤں کے سامنے بغیر چوکیدار کے ریلوے کراسنگ پر پیش آیا۔ ایس پی دیہات نے بتایا کہ جیسے ہی ٹرک ریلوے لائن پر پہنچا کانپور سے کانس گنج کی جانب جانے والی چھپرا- متھرا ایکسپریس ٹرین آگئی اور ٹرک
سے جا ٹکرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکر کی آواز سن کر مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوں نے ٹرک میں سوار تینوں نوجوانوں کو باہر نکالا۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ امت اور اروند کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی جبکہ شدید طور سے زخمی سدھیر کی موت اسپتال کے جاتے ہوئے ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ افسران جائے حادثہ پر پہنچے۔ دوسری جانب مشتعل ہجوم نے مخالفت میں جی ٹی روڈ سڑک کو مسدود کر دیا اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ کراسنگ پر ریلوے پھاٹک بنایاجائے اور ایک چوکیدار کو تعینات کیا جائے۔ ایس پی دیہات نے مزید بتایا کہ پولیس نے مشتعل ہجوم کو سمجھاکر کسی طرح جام کو ہٹوایا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک کی ٹکر سے ٹرین کے انجن کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ٹرین تقریباً دو گھنٹے تک وہیں کھڑی رہی بعد میں انجن کو تبدیل کر کے ٹرین کو روانہ کیا گیا۔