نئی دہلی’: صدر پرنب مکھرجی نے آج ٹیچرس ڈے کے موقع پر ایک ٹیچر کی طرح راشٹرپتی بھون میں واقع ڈاکٹر راجندر پرساد سرودیہ ودیالیہ میں طلبہ کو ہندوستانی سیاست کی تاریخ پر کلاس لی۔
مسٹر مکھرجی نے درجہ گیارہ اور بارہ کے تقریباً اسی طلبہ کو ہندوستانی سیاست کی تاریخ کے موضوع پر تقریباً ایک گھنٹے کا لکچر دیا۔ انہوں نے آزادی کے بعد ہندوستانی سیاست کی تاریخ اور اس کے فروغ کے بارے میں بتانے کے ساتھ ساتھ ملک او ردنیا میں دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کے بارے میں بھی بتایا۔
سال1969 میں سیاست میں آنے سے پہلے مسٹر مکھرجی ایک کالج میں پروفیسر اور صحافی تھے ۔ گذشتہ سال بھی صدر نے ٹیچرس ڈے کے موقع پر اسی اسکول کے بچوں کو پڑھایا تھا۔ دہلی کے وزیر اعلی اردند کیجریول اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی درخواست پر مسٹر مکھرجی بچوں کو پڑھانے کے لئے تیار ہوئے ۔
اس سے قبل کل صدر نے ٹیچرس ڈے کے موقع پر ملک بھر کے ٹیچروں کو مبارک باد اور نیک خواہشات دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاکہ ٹیچرس ڈے کے موقع پر میں ملک کے ٹیچروں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہویں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچر س ڈے ایسا موقع ہے جب ہم قوم کی تعمیر میں اپنے ٹیچروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ یہ ٹیچر ہمارے بچوں کو تعلیمی ور اخلاقی بنیاد تیار کرنے کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مضبوط تعلیمی نظام کو بہتر سماج کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیچر طلبہ کے انفرادی ہدفکو سماجی اور قومی اہداف سے جوڑنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔