اعظم گڑھ:آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے امورحج کے شعبے کو وزارت خارجہ سے الگ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف رواں مہینے کے آخری ہفتے میں دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا دینے اور مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
یہاں ایک پریس کانفرنس میں سمیتی کے صدر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن حافظ محمد نوشاد نے کہا ایک سے زیادہ حلقوں کی طرف سے مرکز پر اس بات کے لئے دباو ڈالنے کے باوجود کہ غیر ملکی سفر حج کی انتہائی پھیلی ہوئی ذمہ داری کو اقلیتی امور کی وزارت کے سپر د نہ کیا جائے ،مرکزی حکومت کی خاموشی نے عازمیں حج میں اضطراب پیدا کردیا ہے جسے محسوس کرتے ہوئے حج سیوا سمیتی نے دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا دینے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے دعوی کیا کہ عازمین حج کے مفادات کے تحفظ میں سمیتی کی سابقہ کامیاب تحریکوں کی طرح اس بار بھی ان کی اس کوشش کو عام تائید حاصل رہے گی اور ایک سے زیادہ مرحلوں کی آزمائش سے گزرنے والے حج کے غیر ملکی سفر کو اس طرح ایک داخلی نوعیت کی وزارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
اس موقع پر شہر امام مولاانا انتخاب عالم نے کہا کہ سمیتی کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور حسب سابق عازمین کو اس پریشانی سے نجات دلانے کی کوشش میں بھی لوگ سمیتی کا ساتھ دیں گے ۔حاجی سلیم، مولانا عبید اللہ قاسمی، ڈاکٹر آفاق سلیم اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔