شاہد نعیم….دنیا بھر سے سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد 7 لاکھ پچاس ہزار ہوگئی ہے جن میں پاکستان سے آنے والے عازمین حج کی تعدا د 105000 ہے ۔ان میں گورنمنٹ اسکیم کے60,000 اور پرائیویٹ اسکیم کے 45000 عازمین شامل ہیں۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹرساجد یوسفانی نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال جو عازمین حج براہ راست مدینہ منورہ تشریف لائے ہیںوہ حج کی ادائیگی کے بعد جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے واپس جائیں گے اسی طرح جو عازمین حج جدہ ائیرپورٹ سے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں، ان کی واپسی مدینہ منورہ ائیرپورٹ حج ٹرمینل سے ہو گی اس طرح حجاج دوطرفہ سفر سے بچ جائیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ امسال مدینہ منورہ میں تمام حجاج کو رہائش مرکزیہ کے علاقے میں فراہم کی گئی ۔اسی طرح پوسٹ حج مدینہ منورہ جانے والے تمام حجاج کو بھی مرکزیہ کے علاقے میں رہائش دی جائے گی جبکہ مکہ مکرمہ میں العزیزیہ کے علاقے میں زیادہ بڑی اور بہتر تمام سہولتوں سے آراستہ عمارتیں لی گئی ہیں۔
ڈی جی حج نے بتایا کہ اس سال میڈیکل مشن کے تحت 432 میڈیکل اور پیرا میڈیکل اسٹاف حجاج کی خدمت کے لئے ارض مقدس آیا ہے۔ حجاج کو طبی سہولیات مہیا کرنے کے لئے ایک اسپتال مکہ مکرمہ میں اور ایک مدینہ منورہ میں قائم کیا گیا ہے جبکہ حجاج کو ان کی رہائش کے قریب طبی سہولیات دینے کے لئے مدینہ منورہ میں دو فیلڈ ڈسپنسریاں اور مکہ مکرمہ میں 9 فیلڈ ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے تجربے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امسال حجاج کو کھانے کی فراہمی میں معیار کو ترجیح دی گئی ہے اور پاکستانی طرز کے پکوان سے استفادہ کیا گیا ہے ، خاص طور پر تندور کی بنی روٹیاں ، مرغی کا سالن اور گوشت بھی مینو میں شامل کیا گیا ہے ۔