ننٹینڈو کی مشہور ویڈیو گیم سپر ماریو اس سال کے آخر تک آئی فونز پر دستیاب ہوگی
ایپل کے نئے آئی فون پر مشہور ویڈیو گیم سپر ماریو کی دستیابی کی خبر عام ہوتے ہی یہ گیم بنانے والی کمپنی ننٹینڈو کے حصص کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سپر ماریو رن ول ایپل کے ایپ سٹور پر سو سے زیادہ ممالک میں رواں برس دسمبر میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ مفت میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی تاہم صارف کو مکمل گیم سے استفادہ کرنے کے لیے رقم دینا ہوگی۔
بدھ کو سان فرانسسکو میں ایپل کی نئی مصنوعات کی سالانہ تقریبِ رونمائی کے دوران ہونے والے اس اعلان کے بعد ابتدائی طور پر ننٹینڈو کے حصص میں 18 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تاہم پھر ان میں پانچ فیصد کی کمی آئی۔
یوں اس اعلان کے بعد حصص کی قیمت میں 13 فیصد کے لگ بھگ اضافہ ہوا۔
سمارٹ فونز گیمنگ کی صنعت میں آمدن کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں اور ننٹینڈو پر اس معاملے میں سستی برتنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
تاہم رواں برس اس کمپنی نے پہلے مقبولِ عام گیم پوکیمون گو متعارف کروائی اور پھر ساتھ ہی ایک ایپ بھی پیش کی جسے میٹومو کا نام دیا گیا ہے۔
سپر ماریو کے خالق شیگیرو مایاماتو کے مطابق سپر ماریو گیم جلد ہی اینڈرؤئڈ نظام استعمال کرنے والے موبائل صارفین کے لیے بھی دستیاب کی جائے گی۔
موبائل مصنوعات کے تجزیہ کار جیک کینٹ کے مطابق ’ماریو ننٹینڈو کے اہم نشانیوں میں سے ایک ہے اس لیے اس کا آئی فون پر آنا سمجھ میں آتا ہے اور یہ اس کا بھی ثبوت ہے کہ ننٹینڈو موبائلز کے حوالے سے اپنی حکمتِ عملی میں سنجیدہ ہے۔‘