لکھنؤ : اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو اور ممبر پارلیمنٹ رام گوپال یادو کی طرف سے سماج وادی پارٹی کے سیاسی بحران کے لئے باہری شخص کو ذمہ دار ٹھہرائے جانے کے دوران سماج وادی پارٹی کے نو منتخب ریاستی صدر شیو پال سنگھ یادو نے آج کہا کہ پارٹی میں کوئی باہری نہیں ہے۔
سماج واد ی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کرکے آج یہاں واپس آئے شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ تنظیم کو مستحکم کرنے کے لئے ایک ایک فرد کو جوڑنا پڑتا ہے ۔ ہر شخص کا اپنا رول ہوتا ہے ۔ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ایک کا تعاون لیا جاتا ہے۔
امر سنگھ کی حمایت میں آئے شیوپال یادو ، کہا : پارٹی میں کوئی باہری نہیں ، ہر ایک کا تعاون ضروری
انہوں نے کہا کہ جس کی جتنی صلاحیت ہوتی ہے وہ اسی کے مطابق کام کرتا ہے۔ ہر کوئی نہ تو لیڈر ہوسکتا ہے اور نہ ہی اکھلیش۔ مسٹر یادو نے کہا کہ 2017میں پارٹی کی حکومت دوبارہ بنانی ہے اس لئے وہ پوری طاقت سے تنظیم کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے پھر دہرایا کہ پارٹی یا خاندان میں کسی کی حیثیت نہیں ہے کہ وہ نیتاجی(ملائم سنگھ یادو) کی بات نہ مانے۔
خیال رہے کہ پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے واضح طور پر کہا تھا کہ یادو خاندان میں باہمی چپقلش کی وجہ بنے باہری شخص کوئی اور نہیں بلکہ امر سنگھ ہی ہیں۔ وزیر اعلی نے بھی کل امر سنگھ کا نام لئے بغیر موجودہ بحران کے لئے خاندان کے باہر کے ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ رام گوپال یادو نے بھی آج اسی باہری شخص کو نشانے پر لیا۔
اس سے پہلے امرسنگھ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ سماج وادی نہیں ملائم وادی ہیں۔ امرسنگھ کے اس جملے کو دہراکر پروفیسر رام گوپال یادو نے واضح کردیا کہ وہ باہری شخص کوئی اور نہیں بلکہ امر سنگھ ہی ہیں۔ پروفیسر یادو نے طنز کیا کہ جو سماج وادی نہیں وہ ملائم وادی کیسے ہوسکتا ہے۔