نئی دہلی: ہندوستان کو اڑی حملہ کی وجہ سے پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی اپنی مہم میں اس وقت واضح سفارتی فتح حاصل ہوئی جب برصغیر کے بیشتر ممالک نے نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ہندوستان نے سرحد پار سے دہشت گردانہ حملہ کے پس منظر میں آئندہ کانفرنس میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیاتو اس کے بعد جنوبی ایشیا کے کم از کم چار ملکوں نے نئی دہلی حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے اس لعنت کوفروغ دینے میں پاکستان کے رول کی مذمت کرتے ہوئے سارک چیئر نیپال کو مراسلے بھیج کر اسلام آباد کانفرنس میں شرکت سے معذوری ظاہر کردی۔افغانستان، بنگلہ دیش اور بھوٹان نے سارک کے مقاصد کے تئیں اپنے پابند عہد کو ظاہر کرتے ہوئے سارک چیئر کو بتادیا ہے کہ وہ نومبر سارک کانفرنس میں حصہ لینے پاکستان نہیں جائیں گے ۔