حیدرآباد:ہندوستانی فوج کی جانب سے خط قبضہ کے پار دہشت گردوں کے لانچ پیڈ پر کئے گئے سرجیکل حملوں کے پیش نظر دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔شمس آباد کے قریب راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ وشاکھاپٹنم ایرپورٹ کے علاوہ دیگر عوامی مقامات جیسے ریلویز اور بس اسٹیشنوں پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ۔مرکزی وزارت نے ریاستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ایرپورٹ ، اہم تنصیبات ،دفاع کے علاقوں اور عبادت گاہوں کے مقامات پر سیکوریٹی سخت کردے کیونکہ دہشت گردوں کے ہمدردوں کی جانب سے تشدد کا امکان ہے ۔پولیس اور دیگر سیکوریٹی حکام نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں ایرپورٹس اور ریلوے اسٹیشنس میں تلاشی میں شدت پیداکردی ہے ۔فوجی عہدیداروں نے سکندرآباد کنٹونمنٹ میں واقع فوجی علاقوں میں تلاشی میں شدت پیداکردی ہے اور صرف مستند پاسس رکھنے والے افراد کو ہی اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے ۔اسی دوران دونوں ریاستوں کی سیاسی جماعتوں نے ملک کی یکجہتی کے تحفظ کے لیے فوج کی کاروائی کا استقبال کیا اورستائش کی۔