مہوبہ: اترپردیش کے مہوبہ میں دس روپے کے سکے کے لین دین سے انکار کرنے والوں کے خلاف قومی سلامتی قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش سکسینہ نے آج یہاں بتایا کہ خریداروں کی طرف سے گمراہ کن افواہیں پھیلا کر دس روپے کے سکے کالین دین کرنے سے انکار کئے جانے سے متعلق ہر روز بڑی تعداد میں مل رہی شکایات کے پیش نظر کارروائی کے لیے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام علاقوں میں باقاعدہ منادی کراکے لوگوں کو معلومات دینے کو کہا گیا ہے کہ مذکورہ سکے (دس روپے کا) دیگر کرنسی کی مانند مکمل طور پرگردش میں ہے ۔ اس کے لین دین سے انکار کرنے والوں کو غداری کامجرم مان کراس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔مسٹر سکسینہ نے بتایا کہ پولیس حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ پہلے اس سے متعلق لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کریں اور نہ ماننے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس قسم کی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی جانچ کرائی جا رہی ہے ۔