بن غازی:لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی کے ایک رہائشی علاقے میں گولہ باری سے کم از کم تین شہریوں کی موت ہو گئی جبکہ 12 شہری زخمی ہو گئے ۔ ایک اسپتال کے سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے ۔
واضح رہے کہ دو سال سے بھی زیادہ عرصے سے لیبیا کے مشرقی کمانڈر خلیفہ حفتر کی فوج بن غازی شہر میں اسلامی شدت پسندوں اور دیگر باغیوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔ دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ میں اکثر عام شہریوں کو نقصان ہوتا ہے ۔ حفتر کی فوج باغیوں کو شہر سے باہر رکھنے کے لئے باقاعدگی سے ہوائی حملے کرتی رہتی ہے ۔ حفتر کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ شدت پسندوں کی جانب سے داغا گیا بم کا ایک گولہ رہائشی علاقے میں آکر گرا جس کی وجہ سے یہ جانی نقصان ہوا۔