اقوام متحدہ:دنیا بھر میں ہرروز نمونیا اور اسہال سے پانچ سال سے کم عمر کے 800سے زیادہ بچوں کی موت ہوتی ہے اور صرف صحیح طریقے سے ہاتھ دھوکر ان بچون کی جان بچائی جاسکتی ہے ۔
ہاتھ دھونے کے عالمی دن(گلوبل ہینڈ واش ڈے ) سے ایک دن پہلے کل اقوام متحدہ کے ادارے برائے بہبودواطفال(یونیسیف)کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی کمی کی وجہ سے ہر سال دنیا بھر میں تین لاکھ بچوں کی اسہال سے موت ہوجاتی ہے ۔ان اموات کو صحیح طریقے سے ہاتھ دھوکر روکا جاسکتا ہے ۔
یونیسیف کے ”پانی اور صفائی ستھرائی”کے عالمی سربراہ سنجے وجے سیکرا نے کہا ” ہرسال نمونیا اور اسہال جیسی بیماریوں سے 14لاکھ بچوں کی موت ہورہی ہے ۔بچوں اور ان کے گھروالوں کو ہاتھ دھونے کے فائدے کے تئیں بیدار کرکے اموات کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے ۔”
انہوں نے کہا ”بیت الخلا کے استعمال کے بعد اور کھانا کھانے سے پہلے سابن سے ہاتھ دھونے سے اسہال کے معاملوں میں 40فیصد تک کمی آتی ہے ۔صحیح طریقے سے ہاتھ دھونے سے بچوں میں انفیکشن کی شرح تو کم ہوتی ہی ہے بلکہ وہ دیگر بیماریوں سے بچنے کے ساتھ اسکول میں بھی زیادہ وقت دے پاتے ہیں۔”
یونیسیف کے اعدادوشمار کے مطابق ایک گرام فضلے میں سو عرب بیکٹیریا ہوتے ہیں اور عالمی سطح پر پانچ میں سے صرف ایک آدمی ہی بیت الخلا کے استعمال کے بعد ہاتھ دھوتا ہے ۔ایسے میں رفع حاجت کے بعد صحیح طریقے سے ہاتھ دھونے والے بچوں میں اسہال کاخطرہ 40فیصد کم ہوجاتا ہے ۔