بروانی : مدھیہ پردیش میں کھیتیا شہر علاقہ کے درجن بھر گاؤں میں اسہال (ڈائریا) سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اس بیماری کی وبائی شکل اختیار کرنے سے تقریبا 140 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
علاقہ کے پنسیمل حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی دیوان سنگھ پٹیل نے کہا کہ ڈائریا پھیلنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں ، لیکن انہوں نے اس معاملے میں اعلی سطح کی انکوائری کا حکم دیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ کھیتیا اور پنسیمل میں واقع اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کی کمی ہے ۔
چیف میڈیکل اور ہیلتھ آفیسر رجنی ڈابر نے بتایا کہ ڈائریا سے متاثر ایک چار ماہ کے بچے نے گزشتہ روز اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑدیا۔
اسی طرح ایک دیپک چودھری (23) کی ہفتہ کے روز اسی بیماری سے موت ہوگئی تھی۔ فی الحال مختلف اسپتالوں میں اس بیماری سے متاثر 76 افراد کا علاج چل رہا ہے ۔