بولی وڈ میں مسٹر پرفیکٹشنسٹ کے نام سے پہچانے جانے والے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں انہوں نے بااختیار خواتین کا کردار پیش کیا ہے۔
عامر خان سال میں صرف ایک فلم کرنے کے فارمولے پر عمل کرتے ہیں اور اس سال ’دنگل‘ ان کی پہلی فلم ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ مداح طویل عرصے سے اس فلم کا انتظار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’دنگل‘ کی کہانی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس میں عامر خان مہاویر سنگھ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
نتیش تیواری کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عامر کی فلم میں خواتین کے مضبوط کردار کی عکاسی کی گئی ہے۔
ٹریلر کا آغاز عامر خان کی پہلوانی سے ہوتا ہے جو ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر لائے تھے، ان کے بعد کوئی اور یہ گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیابی نہ حاصل کرسکے جس کے بعد وہ ارادہ کرتے ہیں کہ اپنے بیٹے کو پہلوان بنائیں گے جو ملک کے لیے گولڈ میڈل جیت کر آئے گا۔
تاہم عامر خان کے گھر بیٹے کے بجائے دو بیٹیاں ہوتی ہیں جس سے ان کا گولڈ میڈل کا خواب پورا نہیں ہوتا، لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی، عامر خان کی دونوں بیٹیاں کسی پہلوان سے کم نہیں پیش کی گئیں جن کی عامر خان گولڈ میڈل کے حصول کے لیے تربیت کرتے ہیں۔
فلم ’دنگل‘ میں اداکارہ ساکشی تنور عامر خان کی اہلیہ کا کردار کرتی نظر آئیں گی جبکہ فاطمہ ثناشیخ اور ثانیہ ملہوترا عامر خان کی بیٹیاں بنیں گی۔
’دنگل‘ 23 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔