مودی حکومت کی کوششوں سے ہول سیل کرپشن میں کمی ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بحرین میں ہندوستانی برادری سے خطاب
مناما ( بحرین )دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ اس لعنت کو ختم کرنے متحد ہوجائے ۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہ بات کہی جو آج بحرین کے سہ روزہ دورہ پر یہاں پہونچے ۔ بحرین میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے کئی ڈھانچہ جاتی اور طریقہ کار کی تبدیلیاں کی ہیں اور اسی کے نتیجہ میں ملک میں ہول سیل کرپشن میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور ساری بین الاقوامی برادری کو اس لعنت سے درپیش چیلنجس سے نمٹنے کیلئے ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا ۔
مودی حکومت کی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ این ڈی اے حکومت ایک ایسا ماحول پیدا کر رہی ہے جس میں ہر ہندوستانی کو فخر محسوس ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا میں ہندوستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے اور اب وہ سرمایہ کاری کیلئے پسندیدہ مقام بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ایک سال میں سب سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی ہے ۔ یہ امریکہ اور چین سے بھی زیادہ ہے ۔
ہندوستان نے ایک سال میں 51 بلین ڈالرس کی راست بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی ہے ۔ یہ سرمایہ کاری چین اور امریکہ سے بھی زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا ‘ اسکل انڈیا ‘ ڈیجیٹل انڈیا ‘ میک ان انڈیا اور دوسری اسکیمات کا ہندوستان کی معیشت پر مثبت اثر ہو رہا ہے ۔