سعودی عرب میں شادی کے محض دو گھنٹے بعد ہی میاں بیوی کے درمیان طلاق ہوگئی اور اس کی وجہ سماجی رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپ ’اسنیپ چیٹ‘ بنی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایک جوڑے کی شادی ہوئی اور شادی کی شرائط میں یہ بات طے کی گئی تھی کہ دلہن شادی کی تصاویر کسی بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر نہیں کرے گی۔
فریقین کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ طے پانے کے بعد شادی ہوئی لیکن دلہن نے معاہدے کی پاسداری نہ کی اور اسنیپ چیٹ پر اپنی سہیلیوں کو شادی کی تصاویر بھیج دیں۔
یہ جان کر دولہے نے شادی ختم کرنے کا اعلان کردیا اور طلاق کے حوالے سے درخواست دائر کردی۔
لڑکی کے بھائی نے بتایا کہ ’میری بہن اور ان کے منیگتر کے درمیان یہ سمجھوتہ طے پایا تھا کہ وہ فیس بک، ٹوئیٹر اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شادی کی تصویریں شیئر نہیں کریں گی تاہم میری بہن اس بات پر قائم نہ رہ سکیں اور انہوں نے اپنی سہیلیوں کو اسنیپ چیٹ پر تصویریں بھیج دیں‘۔
دلہن کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ شادی سے قبل طے ہونے والا یہ سمجھوتہ غیر منصفانہ تھا جبکہ دولہا کے اہل خانہ کہتے ہیں کہ لڑکی کی جانب سے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کے بعد لڑکے کو یہ قدم اٹھانے کا حق حاصل تھا۔
واضح رہے کہ ایسا ہی کچھ متحدہ عرب امارات میں بھی گزشتہ دنوں ہوا تھا جہاں ایک شخص نے شادی کے کچھ ہی دیر بعد اپنی نوجوان بیوی کو پہلی مرتبہ بغیر میک اپ کے دیکھنے کے بعد طلاق دے دی تھی۔