کانپور (نامہ نگار )غریب بستی مہاپنچایت کے زیر اہتما م شہر کی غریب بستیوں میں زمین مافیاؤں کے استحصال اور خوف کی مخالفت میں ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ ناناراؤ پارک میں غریب بستیوں کے رہنے والوں نے دھرنا دیکرمنطقائی کمشنر کو عرضداشت ارسال کی۔ عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ۱۰۵؍احاطوں؍غریب بستیوں کو کانپور ترقیاتی بورڈ کے ذریعہ غریب بستی ایکٹ کے تحت غریب بستی علاقہ اعلان کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جبکہ مذکورہ احاطوں میں بڑے پیمانے پر زمین مافیاؤں کے ذریعہ آراضی؍عمارتوں پر غیر قانونی طریقہ سے قبضہ کرتے ہوئے کثیر منزلہ عمارتیں، مارکیٹ ، گودام وغیرہ کی تعمیرکرواکر کمرشیل زمین کے طور پر استعمال کیا جارہاہے۔
غریب بستی دیویدین کا احاطہ ، ماتادین رام سروپ ، ہندواسٹیٹ پریڈ، بنواری لال، پرمٹھ، جیون لال و غلام علی کا احاطہ گاندھی نگر نور محمد ضریب چوکی، شیونارائن سنگھ، جھکر کٹی کانپور، ٹینڈری کا احاطہ کی غریب بستیوں کی آراضی پر غیر قانونی قبضہ کرکے اس کیخرید اور فروخت کی جارہی ہے۔ جبکہ ان علاقوں میں کانپور ترقیاتی بورڈ کے نائب صدر کے ذریعہ پابند ی لگائی جاچکی ہے۔ زمین مافیاؤں کے خلاف مسلسل شکایات کئے جانے کے باوجود بھی ان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہ کیا جانا زمین مافیاؤں اور کے ڈی کے افسران کے درمیان ملی بھگت کا ہونا ہے۔ عرضداشت میں کارروائی کرنے کے لئے کانپور ترقیاتی بورڈ کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ اگر اس دوران زمین مافیاؤں پر کارروائی نہیں کی گئی تو ان کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی۔
دھرنے پر رام شنکر رائے ، روی تیواری ، راج کشور ورما، شالنی سونکر ، کیلاش ناتھ جے رام سنگھ ، وجے سنگھ یادو، زاہدعلی انصاری، محمد علی وغیرہ موجودتھے۔