کھٹمنڈو: نیپال کے تین دن کے دورے پر کل یہاں پہنچے صدر پرنب مکھرجی آج صبح پشوپتی ناتھ مندر میں پوجا کریں گے ۔کھٹمنڈو پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق پشوپتی ایریا ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے رکن سیکرٹری گوبند ٹنڈن نے بتایا کہ مسٹر مکھرجی مندر میں ایک خاص پوجا کریں گے ۔ پوجا کے دوران روئی کے ایک لاکھ چراغ روشن کئے جائیں گے ۔ مسٹر مکھرجی کا استقبال مندر میں اہم مشرقی دروازے پر 108 ہندو لڑکے منتروں کا جاپ کر کے کریں گے ۔صدر کے مندر میں پوجا کے پروگرام کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سے قبل مسٹر مکھرجی کا کل یہاں شاندار استقبال کیا گیا تھا۔ تربھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نیپال کی صدر ودیا دیوی بھنڈاری نے ان کا استقبال کیا تھا۔ اس موقع پر نیپال فوج کی ٹکڑیوں نے انہیں گارڈ آف آنر دیا۔ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ مسٹر مکھرجی اپنی نیپال ہم منصب کی دعوت پر 36 رکنی ٹیم کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ انہوں نے بعد میں محترمہ بھنڈاری کی سرکاری رہائش گاہ ‘شیتل نواس’ پر ان سے ملاقات کی۔مسٹر مکھرجی جمعہ کو جنک پور اور پوکھرا کا دورہ کریں گے ۔ صدر کو کھٹمنڈو یونیورسٹی میں اعزازی ڈگری سے نوازا جائے گا۔ مسٹر مکھرجی نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ کے جمعہ کو عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے ۔ وہ جنک پور کے جانکی مندر میں بھی پوجا کریں گے ۔گزشتہ 18 برسوں میں کسی ہندوستانی صدر کا یہ پہلا دورہ ہے ۔